باجوڑ میں پہلی بارخاتون نے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے

باجوڑ میں پہلی بار سلطنت بی بی خاتون نے عام انتخابات میں حصہ لینے کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے۔ 

تفصیلات کے مطابق سلطنت بی بی نے صوبائی نشست کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرائے، انتخابی امیدوار کے کاغذات نامزدگی ان کے شوہر نے جمع کرائے ہیں۔ اس حوالے سے ان کے شوہر نے کہا کہ قبائلی اضلاع میں خواتین کو بے شمار مسائل درپیش ہیں اس لیے ان کی اہلیہ نے خواتین کے حقوق کیلئے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا۔

علاوہ ازیں سلطنت بی بی نے کہا کہ باجوڑ میں خواتین کیلئے تعلیمی ، صحت ، روزگار ودیگر مواقع پیدا کرنے کے جذبہ سے الیکشن میں حصہ لے رہی ہوں، اگر کامیابی ملی تو خواتین کے حقوق کیلئے بھرپور جدوجہد کروں گی۔

واضح رہے کہ باجوڑ کے چاروں صوبائی حلقوں کیلئے 96 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ پی کے 19 کےلئے 19 ، پی کے 20 کیلئے 26 ، پی کے 21 کیلئے 26 جبکہ پی کے 22 کیلئے 35 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔