سیاسی لیڈروں کا پسندیدہ جملہ 

عوام کو مزید رعایتیں ملیں گی، عوام کو مزید آسا نیاں دی جا ئینگی عوام کو مزید با اختیار بنا یا جا ئے گا، عوام کو مزید سستا آٹا فراہم ہو گا، عوام کو مزید سستا انصاف ملے گا عوام کو مزید انتظا ر نہیں کرنا پڑے گا الیکشن کے دنوں میں اس طرح کی بے شمار باتیں سننے کو ملتی ہیں اور ایسی باتوں پر کسی حد تک اعتبار بھی کیا جا تا ہے مگر ایک فیشن ایبل، مقبول اور پسندیدہ بات ایسی ہے جو کہی تو جا تی ہے مگر اسے مانتا کوئی نہیں یہ بھی ایک ہی جملہ ہے اور مذکورہ با لا جملوں کے تسلسل میں سے ہے‘ اکثر کہا جا تا ہے کہ ”عوام کو مزید بے وقوف نہیں بنا یا جا سکتا“ یہ بڑا سکہ بند جملہ ہے سیا سی لیڈروں کو بہت پسند ہے جن لیڈروں نے عمر بھر عوام کو بے وقوف بنا یا وہ لا وڈ سپیکر پر آکر دو ٹوک انداز میں اعلا ن کر تے ہیں کہ عوام کو مزید بے وقوف نہیں بنا یا جا سکتا گویا ان کی عمر بھر کی محنت اور طویل تجربے کا نچوڑ یہ ہو تا ہے کہ ہم نے عوام کو حد سے زیا دہ بے وقوف بنا یا ہے اب ”مزید“ بنا نے کی گنجا ئش نہیں رہی جن دنوں پشاور کے ڈبگری گارڈن میں ہمارا دفتر ہوتا تھا ان دنوں کی بات ہے یا دش بخیر ‘ ہمارے ایک آفیسر ہوا کر تے تھے وہ اکثر کہتے تھے ”خدا مزید جھوٹ نہ بلوائے“ ایک دن کسی نے عرض کیا سر! آپ اس دعا میں مزید کیوں شامل کر تے ہیں؟ یوں کہو نا ”خد اجھوٹ نہ بلوائے“ یہ سن کر وہ ہنس پڑے اور بولے ”دیکھو خدا ہمارے شہ رگ کے قریب ہے، دانا و بینا ہے سمیع بھی ہے بصیر بھی ہے دیکھتا بھی ہے سنتا بھی ہے ہماری زبان سے کوئی لفظ ایسا نہیں نکلتا جو خدا کے علم میں نہ ہو ایسی ذات کے سامنے سوال کر تے ہوئے ذرا محتاط ہونا پڑ تا ہے اگر میں کہوں گا ”خدا جھوٹ نہ بلوائے“ تو مجھے جواب ملیگا کہ جھوٹ تو تم دن رات بولتے ہو روزی روٹی کا سارا دھندہ تم نے جھوٹ سے وابستہ کیا ہوا ہے اس متوقع جواب کا اندازہ لگا تے ہوئے میں نے اس کے اندر ”مزید“ کا با معنی لفظ داخل کیا ہے مطلب یہ ہے کہ جھوٹ میں بولتا ہوں، مزید جھوٹ سے بچنے کی آرزو ہے عوام کو مزید بے وقوف بنا نے کا معا ملہ بھی ایسا ہی ہے جو لوگ اپنی تقریر وں میں یہ بات کہتے ہیں ان کو اچھی طرح معلوم ہے کہ جو مقررین امکا نات سے آگے کی خبر لا تے ہیں ان کا حا فظہ بہت تیز ہوتا ہے ان کو اچھی طرح معلوم ہے کہ ہم نے عوام کواتنا بے وقوف بنا یا ہے کہ وہ اس عمل سے تنگ آچکے ہیں وہ ہم پر اعتبار نہیں کر تے مزید بے وقوف بنا نے کی گنجا ئش ختم ہو چکی ہے اس لئے عوام کو مزید بے وقوف نہیں بنا یا جا سکتا ‘تقریر جھاڑ نے اور بیان دینے والوں کو اچھی طرح یا د ہے عوام کو دو وقت کی روٹی سے محروم کرنے کے بعد ہم ترقی اور خو شحا لی کے خواب دکھا ئیںگے تو کسی کو یقین نہیں آئے گا ‘اس لئے ہمارے لیڈر سوچ سمجھ کر کہتے ہیں ”عوام کو مزید بے وقوف نہیں بنا یا جاسکتا“۔