نگران وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ نے پن بجلی کے خالص منافع کی مد میں وفاق کے ذمے خیبر پختونخوا کے واجبات کی ادائیگی کا معاملہ نگران وزیر اعظم کے ساتھ اٹھا دیا۔
نگران وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی درخواست پر نگران وزیر اعظم نے اہم اجلاس طلب کر لیا، نگران وزیراعلیٰ کی قیادت میں صوبائی حکومت کے متعلقہ حکام پر مشتمل ٹیم اجلاس میں شرکت کرے گی، اجلاس میں صوبائی حکومت کی ٹیم ان بقایا جات کی ادائیگی پر بات کرے گی۔
نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ اے جی این قاضی فارمولے کے تحت پن بجلی کے خالص منافع کی مد میں وفاق کے ذمے صوبائی حکومت کے 1500 ارب روپے واجب الادا ہیں، خیبرپختونخوا کے ساتھ نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا خصوصی لگاؤ ہے، نگران وزیر اعظم خیبر پختونخوا کو درپیش مالی مسائل حل کرنے میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں۔
ارشد حسین شاہ نے کہا کہ امید ہے نگران وزیراعظم اس سلسلے میں بھرپور تعاون کریں گے۔