خیبرپختوںخوا کے سابق نگراں وزیر پیپلز پارٹی میں شامل ہوگئے

خیبر پختونخوا میں عوامی نیشنل پارٹی کو دھچکا لگ گیا  جہاں سابق نگراں وزیر عدنان جلیل نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ کر لیا۔

ذرائع نے بتایا کہ عدنان جلیل کے پیپلز پارٹی کے ساتھ معاملات طے پا چکے ہیں اور وہ پیپلز پارٹی کی قیادت سے ملاقات بھی کر چکے ہیں۔

عدنان جلیل مرحوم سینئر اے این پی رہنما حاجی عدیل کے بیٹے ہیں جو خیبر پختونخوا کی نگراں کابینہ میں انڈسٹریز اور ٹیکنیکل ایجوکیشن منسٹر رہے۔ انہیں سابق نگراں وزیر اعلیٰ اعظم خان نے کابینہ سے برطرف کیا تھا۔

سابق نگراں وزیر جلد پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کریں گے، وہ صدر پیپلز پارٹی خیبر پختونخوا محمد علی باچا کے ہمراہ پریس کانفرنس کریں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ عدنان جلیل کے پارٹی امور پر اختلافات ہیں اور وہ اپنے تحفظات سے اے این پی قیادت کو آگاہ کر چکے ہیں، تاہم قیادت نے تاحال ان کے تحفظات دور نہیں کیے۔

چند روز قبل، اسفندیار ولی خان کے قریبی ساتھی عابد اللہ یوسفزئی نے اپنی جماعت کو خیرباد کہہ کر پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی۔

ذرائع نے بتایا تھا کہ پیپلز پارٹی خیبر پختونخوا کے صدر محمد علی شاہ باچا نے وفد کے ہمراہ پشاور میں عابد اللہ یوسفزئی سے ملاقات کی، اس دوران صوبے کی سیاسی صورت حال سمیت باہمی دل چسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر نے اے این پی رہنما کو پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی تھی جسے انہوں نے قبول کیا تھا۔