پشاور:خیبر پختونخوا الیکشن کمیشن نے جرمانے ادا نہ کرنے والے سیاستدانوں کے امیدواروں کی فہرست جاری کردی،جاری کردہ دستاویزات کے مطابق ماضی میں جلسے جلسوں میں کے پی کے 37امیدواروں نے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی۔
بانی پی ٹی آئی سمیت سابق وزیراعلی محمود خان بھی الیکشن کمیشن کے نادہندہ نکلے، تحریک انصاف کے کئی سابق وزرا، ارکان اسمبلی بھی نادہندگان میں شامل ہیں۔
مراسلہ میں کہا گیا سابق وزرا کامران بنگش، تیمور جھگڑا، شوکت یوسفزئی اور اشتیاق ارمڑ بھی نادہندہ ہیں، پی پی پی کے سیکرٹری اطلاعات امجد آفریدی بھی الیکشن کمیشن کے مقروض نکلے، پی ٹی آئی پی کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر نے بھی 80ہزار روپے جرمانہ ادا نہیں کیا۔
مراسلہ میں مزید بتایا گیا جماعت اسلامی کے عنایت اللہ خان بھی 50ہزار روپے جرمانہ ادا نہ کرسکے، الیکشن کمیشن نے مختلف آر اوز کو امیدواروں سے جرمانے وصول کرنے کی ہدایت جا ری کردی، جانچ پڑتال کے دوران امیدواروں سے جرمانے وصول کئے جائیں۔
الیکشن کمیشن کے مراسلہ میں بتایا گیا جرمانے ادا نہ کرنے والے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوں گے۔