سوات میں پولیس اہلکاروں کو اساتذہ کو ’سلیوٹ‘ کرنے کے احکامات جاری : اسلامی تعلیمات میں استاد کو باپ کا درجہ دیا گیا ہے اور جو شخص اپنے اساتذہ کا احترام نہیں کرتا وہ کبھی ترقی نہیں کر پاتا

سوات کے ضلعی پولیس آفیسر (ڈی پی او) شفیع اللہ گنڈاپور نے ضلع بھر میں تمام پولیس افسران کو اساتذہ کو سلیوٹ اور تعظیم کرنے نکے احکامات جاری کردیے۔

ڈی پی او سوات نے تمام پولیس افسران کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ مہذب معاشرے میں استاد کا بہت اہم کردار ہوتا ہے اور کسی ملکی ترقی میں استاد کے کردار سے انکار ناممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی تعلیمات میں استاد کو باپ کا درجہ دیا گیا ہے اور جو شخص اپنے اساتذہ کا احترام نہیں کرتا وہ کبھی ترقی نہیں کر پاتا۔ 

ڈی پی او نے ہدایت کی کہ ضلع بھر میں کانسٹیبل سے لے کر سینیئر رینک تک کے تمام پولیس افسران جب کسی بھی استاد سے ملیں تو سلام کریں، جب بھی کوئی استاد کسی پولیس اسٹیشن، چوکیوں اور چیک پوسٹوں پر آئے گا تو انہیں اولین ترجیح دی جائے گی اور انہیں انتظار میں نہیں رکھا جائے گا اور قانون کے مطابق ان کے مسائل کو فوری طور پر حل کیے جائیں۔ 

ان کا مزید کہنا تھا کہ سڑکوں پر کسی استاد کی طرف سے معمولی غلطی برتنے کی صورت میں انہیں شائستگی سے خبردار کرکے احترام کے ساتھ چھوڑا جائے۔ 

ضلع بھر میں پولیس اہلکاروں اور افسران نے ڈی پی او کے احکامات پر عمل درآمد شروع کردیا ہے۔