خیبرپختونخوا کی نگران کابینہ کی جانب سے پاکستان پینل کوڈ 1860 اور کرمنل پروسیجر کوڈ 1898 میں ترامیم کی منظوری

خیبرپختونخوا کی نگران کابینہ کی جانب سے پاکستان پینل کوڈ 1860 اور کرمنل پروسیجر کوڈ 1898 میں ترامیم کی منظوری دے دی گئی۔

نگران وزیر اعلیٰ جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ کی زیر صدارت کابینہ اجلاس میں منظور کی گئی ترامیم کے تحت غیر قانونی اجتماع اور ہنگامہ آرائی کی سزاؤں میں اضافہ کردیا گیا ہے۔

نئی ترامیم کے تحت ریاست کی رٹ قائم رکھنے کیلئے دفعہ 147 کے تحت 2 سال کی سزا کو بھی 3 سال کر دیا گیا ہے۔

کابینہ نے ڈائریکٹوریٹ آف پراسیکیوشن میں ریسرچ سیل کیلئے آسامیوں کی تخلیق کی منظوری بھی دی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ آسامیاں اپیکس کمیٹی کے سفارشات کی روشنی میں تخلیق کی گئیں۔

کابینہ اجلاس میں ضم شدہ اضلاع میں سیٹلمنٹ اور لینڈ ریکارڈ ڈیجیٹلائزیشن کیلئے درکار فنڈز اور صوبے میں پولیس انفرا اسٹرکچر کی تعمیر کیلئے سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری بھی دی گئی۔

صوبائی کابینہ نے نہروں کی بھل صفائی اور مرمتی کاموں کیلئے 500 ملین روپے گرانٹ کی منظوری بھی دی۔