ضلع خیبر کی پولیس نے 2مختلف کارروائیوں میں 10 کروڑ روپے مالیت کی آئس ہیروئن برآمد کرکے بین الاقوامی ڈرگ مافیاکے 6 کارندوں کو گرفتار کر لیا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خیبر سلیم عباس کے مطابق میچنی چیک پوسٹ پر پولیس نے موٹر کار سے 5 بیڈ شیٹس برآمد کیں، ملزمان نے انتہائی مہارت سے 5 کلوگرام آئس پانی میں حل کرکے محلول کو بیڈ شیٹس میں جذب کروایا تھا۔
ڈی پی او سلیم عباس کا کہناہے کہ پولیس نے بیڈ شیٹس کو پانی میں بگھو کر آئس کو آگ کے ذریعے پانی سے الگ کرکے خشک کردیا اور یوں بیڈ شیٹس سے 5 کلو اعلیٰ کوالٹی آئس نکال لیا گیا، آئس محلول کو 10گھنٹے مسلسل آگ لگاکر 5 کلوگرام اعلیٰ کوالٹی آئس نکال لیا۔
طورخم نادرہ ہوائینٹ پربھی پولیس نے مسافر سے2 مزید بیڈ شیٹس برآمد کرلیا جس میں 2 کلوگرام آئس محلول جذب کروائے تھے، یہ دونوں کارروائیاں خفیہ اطلاعات پر کی گئیں۔
ڈی پی او کے مطابق برآمد کی جانے والی آئس افغانستان سے پاکستان منتقل کی گئی جسے بعد ازاں ائیرپورٹ سے بیرون ملک اسمگل کیا جانا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں کارروائیوں میں 6 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جن کا تعلق بین الاقوامی منشیات اسمگلرز سے ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ قبضے میں لی جانے والی آئس کی قیمت بین الاقوامی مارکیٹ میں 10 کروڑ روپے ہے، ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔