کراچی میں مین ہولز کی صفائی کے دوران 2 مزدور دم گھٹنے سے جاں بحق

کراچی کے علاقے گلستان جوہر بلاک 13 میں مین ہولز کی صفائی کے دوران 2 مزدور دم گھٹنے سے جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق رہائشی اپارٹمنٹ میں سیوریج کی مین لائن بلاک ہوگئی تھی اور اپارٹمنٹ کی انتظامیہ نے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کو شکایات درج کرائی تھیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ سیوریج کا پانی آج گھروں میں داخل ہوا تو مزدور بلا کر صفائی کرائی جارہی تھی، صفائی کے دوران دونوں مزدور دم گھٹنے سے جاں بحق ہوگئے۔

پولیس نے بتایاکہ جاں بحق دو افراد مزدور تھے، لاشیں مین ہول سے نکال کر جناح اسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی غفلت کا تعین ہونے کے بعد قانونی کارروائی بھی کی جائے گی۔