شدیدمالی بحران کے شکار لیڈی ریڈنگ میں پرتعیش بنگلہ کی تعمیر

مریضوں کے لئے مفت سرنج اور ادویات اورڈاکٹروں کی تنخواہوں کے لئے فنڈزنہ ہونے کے باوجود لیڈی ریڈنگ کے ہسپتال ڈائریکٹرکے لئے ڈاکٹرزکالونی میں پرتعیش بنگلے کی تعمیر کاآغازکردیا گیا ہے'ہسپتال ذرائع کے مطابق ڈاکٹرزکالونی میں ایک کنال کے بنگلے کو گزشتہ دنوں انھستیزیاکی ڈاکٹرروحینہ ودودنے خالی کیا تھا تاہم اس کو پرانااورمخدوش قراردے کر اسے منہم کردیا گیا اور ایک نئے بنگلے کی تعمیر شروع کردی گئی'ذرائع کے مطابق اس بارے میں ہسپتال کی فنانس کمیٹی سے کوئی منظوری نہیں لی گئی ہے'واضح رہے کہ صوبے کا سب سے بڑاہسپتال ان دنوں شدیدمالی بحران کاشکارہے اور ہسپتال میں تاریخ میں پہلی بار مریضوں کے لئے سرنج'روئی 'پٹی تک دستیاب نہیں ہے جبکہ ادویات کے ٹھییکداروں نے 40کروڑسے زائد کے بقایاجات پر ہسپتال کو مزیدادویات کی سپلائی بند کررکھی ہے جبکہ ہسپتال کو ہرماہ تنخواہوں کی ادائیگی کے لئے حکومتی گرانٹ کا انتظارکرناپڑتاہے'ہسپتال کے ترجمان محمدعاصم نے رابطے پر بتایاکہ مذکورہ بنگلہ کی عمارت مخدوش تھی جس کے لئے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈٹیکنالوجی کی ٹیم کی خدمات دسمبر2023میں لی گئی جس کے سربراہ انجنیئرفیاض الرحمان نے قراردیاہے کہ عمارت کی چھتیں کمزور ہیں اوران کوہٹاکرنئی چھتیں ڈالی جائیں جبکہ پلستراورفرش بھی اکھڑچکی ہے تاہم رپورٹ میں بتایاگیا ہے کہ رہائشی کالونی کابنگلہ نمبرایک مکمل مخدوش ہے جس کو گراکرنیابنگلہ تعمیر کراناچاہئے'محمدعاصم کے مطابق قرض پر بنگلہ کی مرمت کا کام جاری ہے اور فنڈزملنے پر ٹھیکیدارکوادائیگی کردی جائے گی'تاہم ذرائع کے مطابق یہ بنگلہ ہسپتال ڈائریکٹرکے لئے تعمیر کیاجارہاہے جس کے لئے پیسے ہسپتال کی ادویات یامشینوں کی خریداری کے لئے مختص فنڈزسے دیئے جارہے ہیں۔