باجوڑ میں کار پر فائرنگ، پولیو کوآرڈینیٹر جاں بحق، پولیس اہلکار زخمی

باجوڑ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیو کوآرڈینیٹر جاں بحق اور ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا۔

رپورٹ کے مطابق باجوڑ کی تحصیل ماموند کے علاقے بادسیاہ میں نامعلوم افراد نے کار پر فائرنگ کردی، فائرنگ سے پولیو کوآرڈینیٹر ڈاکٹر عبدالرحمان اور ایک پولیس اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔

زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا، جہاں دوران علاج پولیو کوآرڈینیٹر ڈاکٹر عبدالرحمان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے جبکہ زخمی اہلکار زیر علاج ہے۔

پولیس نے واقعے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا، ملزمان کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں بنادی گئیں۔