انڈس ہائی وے پر خوف ناک ٹریفک حادثہ، خاتون سمیت 6 افراد جاں بحق

 انڈس ہائی وے پر کھانوٹ کے قریب کوریجا موڑ پر کار، مسافر وین اور ٹرک میں تصادم کے نتیجے میں بچے اور خاتون سمیت 6 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہوگئے۔   

جامشورو پولیس کے مطابق مانجھند جانے والی کار مسافر وین اور ٹرک سے ٹکرائی، کار اور مسافر وین مکمل تباہ ہوگئی، جاں بحق اور زخمیوں کو سول اسپتال جامشورو منتقل کردیا گیا ہے۔

پولیس نے بتایا کہ جاں بحق افراد میں خاتون کی شناخت مقدس کے نام سے ہوئی، ایدھی ذرائع نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والے مزید دو افراد کی شناخت بھی ہوگئی ہے، جن میں نیاز علی اور اکرام شامل ہیں اور پولیس دیگر جاں بحق افراد کی شناخت کی کوششیں کر رہی ہے۔

زخمیوں میں سید کرم علی، منیر لغاری، نیاز جونیجو اور الله ڈنو کوریجو سمیت دیگر شامل ہیں، حادثے میں شدید زخمی ہونے والے 5 افراد کو تشویش ناک حالت میں سول اسپتال حیدرآباد منتقل کیا جا رہا ہے۔