ملک کے مختلف شہروں لورالائی، گھوٹکی اور پتوکی میں مختلف ٹریفک حادثات میں 7 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
لورالائی
بلوچستان کے شہر لورالائی میں کوئٹہ روڈ خانوزئی کے مقام پر ایرانی پیٹرول کی گاڑی ٹائر پھٹنے سے الٹ گئی۔
واقعے کے بعد گاڑی میں آگ لگ گئی، حادثے میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والے 2 افراد کا تعلق لورالائی سے ہے، لاشوں کی شناخت عبدالصمد جلالزئی اور ان کے بیٹے عبدالمالک کے ناموں سے ہوئی ہے۔
گھوٹکی
سندھ کے شہر گھوٹکی میں ڈہرکی کے قریب ڈہر واہ کے مقام پر ٹریکٹر ٹرالی کی موٹر سائیکل کو ٹکر سے 2 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 22 سالہ قائم دین پتافی اور منظور احمد شامل ہیں ـ
پولیس کا کہنا ہے کہ لاشوں کو تحصیل اسپتال ڈہرکی جبکہ زخمیوں کو رحیم یار خان اسپتال منتقل کردیا گیا، جاں بحق ہونے والے افراد کا تعلق ڈہرکی سے بتایا جا رہا ہے ـ
پتوکی
پنجاب کے شہر پتوکی میں تیز رفتار بس کی موٹر سائیکل کو ٹکر سے موٹرسائیکل سوار 2 نوجوان موقع پر جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ پھولنگر کے قریب ملتان روڈ نتھے اڈہ پر پیش آیا جہاں تیز رفتار بس نے رانگ سائیڈ سے آتی موٹر سائیکل کو ٹکر ماردی حادثے کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار 2 کم عمر نوجوان موقع پر دم توڑ گئے۔
ریسکیو ٹیم نے دونوں افراد کی لاشوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا، جاں بحق ہونے والوں میں 16 سالہ افتخار اور 13 سالہ حمزہ شامل ہیں۔