پشاور میں بجلی کا طویل بریک ڈاؤن

پشاور میں بجلی کا طویل بریک ڈاؤن ہوا ہے، رات ایک بجے سے پورے شہر کی بجلی منقطع ہے، بجلی نہ ہونے کے سبب گھروں میں پانی کی بھی قلت ہوگئی، بچوں کو اسکول اور شہریوں کو دفاتر جانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، 12 گھنٹے گزرجانے کے باوجود بجلی بحال نہ ہوسکی۔

پشاور کے بیشتر فیڈرز رات کو ٹرپ کر گئے تھے، شاہی باغ، دلہ زاک فیڈرز پر رات سے بجلی بند ہے، گلبہار، سٹی کے بیشتر علاقوں میں بھی گزشتہ 8 گھنٹوں سے فالٹ ہے۔

پیسکو کے ترجمان نے کہا ہے کہ گزشتہ رات فیڈرز میں فالٹ آیا پیسکو ٹیمیں بجلی کی بحالی پر کام کر رہی ہیں، پیسکو ریجن میں گزشتہ رات بارش کے باعث بجلی کی ترسیل متاثر ہوئی، پشاور، مردان، سوات، صوابی، ایبٹ آباد میں بجلی کی ترسیل متاثر ہوئی ہے، بارش کے باعث پیسکو کے 215 سے زائد فیڈرز ٹیکنیکل فالٹ کا شکار ہوئے۔

ترجمان پیسکو کے مطابق پیسکو فیلڈ اسٹاف اس وقت بجلی کی بحالی میں مصروف عمل ہے، اس وقت 110 سے زائد فیڈرز پر بجلی بحال کر دی گئی ہے، پیسکو چیف نے متعلقہ افسران کو جلد از جلد بجلی بحال کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں، اگلے چند گھنٹوں میں بقیہ فیڈرز پر بھی بجلی مکمل طور پر بحال کر دی جائے گی، خراب موسم کے پیش نظر عوام سے تعاون کی اپیل ہے۔