اسلام آباد: پی ٹی آئی کے بانی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات نہ کروانے کا معاملہ ایک بار پھر اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیر بحث آیا ہے۔
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف شبلی فراز نے اڈیالہ جیل کے حکام کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کرنے کے لیے ہائیکورٹ کا رخ کیا۔ پی ٹی آئی کے رہنما بائیومیٹرک تصدیق کے بعد باقاعدہ طور پر درخواست دائر کریں گے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ اس سے پہلے بھی عمر ایوب اور شبلی فراز نے توہین عدالت کی درخواست دائر کی تھی، جس میں یہ مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ ہائیکورٹ کے حکم کے باوجود عمران خان سے ملاقات نہیں کروائی گئی۔ تاہم، پہلی درخواست کی سماعت نہیں ہو سکی تھی۔
اس موقع پر عمران خان کی بہنیں علیمہ خان اور عظمیٰ خان بھی ہائیکورٹ پہنچیں، جبکہ تحریک تحفظ آئین کے رہنما اخونزادہ حسین بھی وہاں موجود تھے۔