سکیورٹی اور ٹرانزٹ ٹریڈ پر اسحاق ڈار کی افغان حکام سے تبادلہ خیال

کابل میں پاک افغان مذاکرات کے دوران وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے افغان عبوری وزیراعظم ملا محمد حسن اخوند زاد اور وزیر خارجہ امیر خان متقی سے ملاقات کی۔

اس ملاقات میں سکیورٹی، تجارت، اور ٹرانزٹ تعاون جیسے دو طرفہ امور پر بات چیت ہوئی۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق، ان ملاقاتوں میں عوامی تعلقات اور باہمی دلچسپی کے دیگر موضوعات بھی زیر بحث آئے، اور دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر زور دیا گیا۔

اسحاق ڈار کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی پاکستانی وفد نے افغان حکام کے ساتھ مذاکرات میں شرکت کی، جہاں وزیر خارجہ نے افغانستان کے ساتھ سکیورٹی اور اقتصادی روابط پر گفتگو کی۔

کابل روانگی سے پہلے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے دہشت گردی ایک بڑا مسئلہ ہے، اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی مواقع کو بھرپور طریقے سے استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔