سرمایہ کار ہمارے سر کا تاج ہیں ہر ممکن سہولتیں فراہم کریں گے، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے ایف بی آر ہیڈ کوارٹر میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سرمایہ کاروں کو ملک کی ترقی میں کلیدی حیثیت دیتے ہوئے انہیں "ہمارے سر کا تاج" قرار دیا اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

ان کا کہنا تھا کہ ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن کا عمل ایک مثبت قدم ہے لیکن اس راہ میں حائل رکاوٹوں کو بھی دور کرنا ہوگا۔ وزیراعظم نے اعتراف کیا کہ اگر پاکستان کو قرضوں کے چنگل سے نکالنا ہے تو آمدنی میں خاطر خواہ اضافہ اور محصولات کے نظام کو مضبوط بنانا ہوگا۔

شہباز شریف نے کہا کہ عدالتوں میں سالوں سے زیر التوا ایف بی آر کے کیسز ملک کے مالی نظام پر بوجھ ڈال رہے ہیں، جنہیں فوری طور پر نمٹانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ٹریک اینڈ ٹریس جیسے پراجیکٹس میں شفافیت یقینی بنائی جائے۔

وزیراعظم نے وعدہ کیا کہ جن افسران کی کارکردگی بہتر ہو گی، انہیں سراہا جائے گا اور ان کی ترقی کو کارکردگی سے مشروط کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کو جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ ہم آہنگ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔