مستونگ اور حب میں پیپلز پارٹی کے انتخابی دفاتر پر بم حملے، 3 بچے زخمی

بلوچستان کے علاقوں مستونگ اور حب میں نامعلوم افراد نے پاکستان پیپلز پارٹی کے انتخابی کیمپ پر دستی بموں سے حملہ کیا، جس میں تین بچے زخمی ہوئے ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق پیپلز پارٹی کے مستونگ میں انتخابی کیمپ پر دستی بم سے حملہ کیا گیا جو باہر پھٹا، دستی بم سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

حملہ آوروں نے پیپلز پارٹی کے امیدوار نور احمد کے الیکشن کیمپ پر بم پھینکا۔

حکام کے مطابق سکیورٹی گارڈز کی فائرنگ کے بعد حملہ آور فرار ہوگئے۔

دوسری جانب حب میں پیپلز پارٹی کے انتخابی استقبالیہ کمیپ کے قریب دھماکا ہوا، جس میں 3 بچے زخمی ہوئے، جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

خیال رہے کہ دو روز قبل بھی کوئٹہ میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے انتخابی دفتر سے تھوڑے فاصلے پر دھماکا ہوا تھا، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

گزشتہ روز خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر میں پی کے 70 سے آزاد امیدوار نبیل آفریدی کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی تھی۔

بلوچستان میں جمعہ کو بھی انتخابی مہم اور امیدوار دہشت گردوں کے نشانے پر رہے بم دھماکوں سمیت دہشت گردی کے سات واقعات ہوئے جن میں کم سے کم سات افراد زخمی ہوئے جبکہ دو بموں کو ناکارہ بنایا گیا۔