ملکی مسائل

اس وقت جو امر حکومت کی سب سے زیادہ توجہ کا طلبگار ہے ‘وہ روز بروز تیزی سے بڑھتے ہوئے دہشت گردی کے واقعات ہیں کہ جنہوں نے ملک کے امن عامہ کی چولیں ہلا کے رکھ دی ہیں ۔الیکشن کی تاریخ سر پر آ گئی ہے اور اس بات کا شدید خطرہ ہے کہ اگر دہشت گردی کم نہ ہوئی تو شاید الیکشن کمیشن کو بعض انتخابی حلقوں میں الیکشن کی تاریخ کو بدلنا پڑے اور یہی اس ملک کے دشمنوں کی خواہش ہے کہ وطن عزیز میں الیکشن نہ ہوں اور یہ ملک اندھیروں میں اسی طرح بھٹکتا رہے جب تک الیکشن نہیںہوں گے اور اس ملک میں عوام کے ووٹوں سے شفاف اور غیر جانبدارانہ الیکشن کے ذریعے ان کی نمائندہ حکومت کا قیام عمل میں نہیں آئے گا اس ملک کی معیشت ٹھیک نہیں ہوگی اور جب تک معیشت درست نہ ہو گی عوام میں انتشار کی کیفیت رہے گی۔چین کی وزارت خارجہ کا یہ بیان کہ چین سی پیک کو اپ گریڈ کرنے کے واسطے تیار ہے ایک خوش آئند پیش رفت ہے یہ وطن عزیز کے مفاد میں ہوگا کہ وہ اس پراجیکٹ سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائے ۔اس ملک کو جہاں اور کئی مسائل کا سامنا ہے وہاں سگ گزیدگی کا بھی وہ شکار ہے صرف پنجاب میں آوارہ کتوں کی تعداد پانچ لاکھ کے قریب ہے اور اس کے شکار افراد کی ویکسی نیشن کے لئے 35 کروڑ روپے درکار ہیں ‘سگ گزیدگی کے شکار افراد کو اس کی ویکسین کے پیسے اپنی جیب سے ادا کرنے پڑتے ہیں ۔