پی ٹی آئی نے خیبر پختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرین کے ساتھ مل کر حکومت بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق خیب پختونخوا میں حکومت سازی کے لیے پاکستان تحریک انصاف اور پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین کے رہنماؤں کے درمیان مذاکرات بھی ہوئے۔
ذرائع پی ٹی آئی کا بتانا ہے کہ عمران خان نے پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین کے ساتھ اتحاد کی اجازت دے دی ہے۔
ذرائع کے مطابق جماعت اسلامی کے انکار کے بعد پی ٹی آئی نے پرویز خٹک کے ساتھ آگے بڑھنےکا فیصلہ کیا۔
پی ٹی آئی نے حکومت سازی کیلئے پرویز خٹک سے کوئی رابطہ نہیں کیا: ترجمان پی ٹی آئی پی
دوسری جانب پی ٹی آئی پالیمنٹیرین کے ترجمان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے ہمارے ساتھ حکومت بنانے کا فیصلہ کیا ہے تاہم ابھی تک پرویز خٹک سے رابطہ نہیں کیا گیا، رابطہ ہوا تو دونوں پارٹیاں مل کر مشاورت کریں گی، مل کر حکومت بنانے پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔
یاد رہے کہ 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں پی ٹی آئی پی نے خیبرپختونخوا سے دو نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے وزیراعلیٰ کے پی کے لیے علی امین گنڈاپور اور اسپیکر پختونخوا اسمبلی کے لیے اسد قیصر کے بھائی عاقب اللہ کو نامزد کیا ہے۔