وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجا اور شیر افضل مروت کے درمیان اختلافات ختم کرانے کے لیے سرگرم ہوگئے ہیں۔
جیو نیوز کے مطابق علی امین گنڈاپور پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت اور سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ کے درمیان جاری اختلافات ختم کرانے کے لیے سرگرم ہوگئے ہیں۔
خبر کے مطابق وزیراعلیٰ کے پی نے شیر افضل کو خیبر پختون خوا ہاؤس بلوایا جہاں معاملے کو حل کرنے کے موضوع پر گفتگو کی گئی۔
اس حوالے سے شیر افضل مروت نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا اس میں کوئی شک نہیں کہ عمران خان کو غلط معلومات پہنچائی جاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی کے جتنے مسائل ہوں انہیں پارٹی کے اندر حل ہونا چاہیے لیکن جو میڈیا پر آکر ان کے خلاف بیان دے گا وہ اس کا جواب ضرور دیں گے۔
شیر افضل نے کہا کہ کبھی پہل نہیں کی، ہمیشہ دفاع میں جواب دیا ہے اور یہی بات علی امین گنڈا پور کو بھی بتائی ہے۔
واضح رہے چند روز قبل سلمان اکرم راجہ اور شیر افضل مروت نے ایک دوسرے کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا جس کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا تھا کہ سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ کو عمران خان کا اعتماد حاصل ہے۔