ڈپٹی کمشنر کرم کی ٹانگ میں لگی گولی نہ نکالی جاسکی، کندھے کے فریکچر کا آپریشن بھی نہ ہوسکا، حالت خطرے سے باہر

بگن واقعے میں زخمی سابق ڈپٹی کمشنر کرم جاوید اللہ محسود کے بیٹے کا کہنا ہے کہ والد کی حالت خطرے سے باہر ہے، انہیں الشفاء اسپتال اسلام آباد شفٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

زخمی ڈپٹی کمشنر کے بیٹے سکندر محسود نے کہا کہ میرے والد کا سی ایم ایچ پشاور میں بہتر علاج معالجہ ہوا ہے، اسلام آباد میں ہمیں علاج میں مزید سہولت ہوگی۔

سکندر محسود نے کہا کہ میرے والد کی حالت خطرے سے باہر ہے، حکومت اور پاک فوج کے مشکور ہیں کہ میرے والد کا مکمل خیال رکھا۔

خیال رہے کہ کرم میں سابق ڈپٹی کمشنر جاوید اللہ محسود چار جنوری کو شرپسندوں کی فائرنگ زخمی ہوئے تھے، انہیں تین گولیاں لگی تھیں۔

سرکاری ذرائع کے مطابق ڈاکٹرز نے جاوید محسود کے بائیں کندھے سے دو گولیاں نکال دی ہیں، کندھے کےفریکچر کی سرجری ابھی نہیں کی گئی ہے، مناسب وقت پر ان کے کندھے کی سرجری کی جائے گی، جاوید محسود کی ٹانگ کی ہڈی بھی جوڑ لی گئی ہے، تاہم گولی فی الحال نہیں نکالی گئی۔