پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے ججز کی سکیورٹی بڑھانے کا فیصلہ کرلیا۔
ججز کی سکیورٹی بڑھانے سے متعلق قائم کمیٹی نے سفارشات تیار کرلی ہیں جس میں حساس علاقوں میں تعینات ججز کو ذاتی سکیورٹی کے علاوہ گھر اور راستے میں بھی سکیورٹی فراہم کرنے کی سفارش کی گئی ہے جب کہ سکیورٹی سے متعلق حساس علاقے کے تعین کی ذمہ داری سی ٹی ڈی کو سونپنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
کمیٹی نے ہائیکورٹ کے تمام بینچز کو بلٹ پروف گاڑیاں اور ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کی سکیورٹی کو کیٹیگری اے قراردینے کی بھی سفارش کی ہے۔
دستاویز کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کےساتھ ایک ہیڈ کانسٹیبل اور 4 کانسٹیبلز، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی سکیورٹی پر 2 کانسٹیبلز کی تعیناتی کی جائے گی جب کہ کمیٹی نے سول ججز ، سینئر سول ججز ، جوڈیشل مجسٹریٹ، فیملی کورٹ اورپریذائیڈنگ آفیسرز کے لیے 1 ، 1 کا نسٹیبل سکیورٹی پر تعینات کرنے کی سفارش کی ہے۔
کابینہ سے منظوری کی صورت میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کی سکیورٹی پر 116 اہلکار، ایڈیشنل سیشن ججزکے لیے 180، سینئر سول ججز کی سکیورٹی پر 87 اہلکار مامور ہوں گے جب کہ سول ججز کی سکیورٹی کے لیے 390 اہلکارسکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔