ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے بارہویں میچ میں پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو جیت کے لیے 212 رنز کا ہدف دے دیا۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دے دی۔
حارث رؤف انجری کے باعث پی ایس ایل 9 سے باہر ہوگئے ہیں، وہ 24 جنوری کو قذافی اسٹیڈیم میں کراچی کنگز کے خلاف میچ میں فیلڈنگ کے دوران کیچ پکڑتے ہوئے کندھے کی انجری کا شکار ہوئے تھے۔
پشاور زلمی کی اننگز
لاہور کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 211 رنز بنائے۔
اوپنر بابر اور صائم ایوب کے درمیان 136 رنز کی شاندار شراکت قائم ہوئی، صائم نے شاندار نصف سنچریاں اسکور کی۔ بابر 48 اور صائم 88 رنز بناکر نمایاں رہے۔
اس کے علاوہ رومین پاؤل نے 20 گیندوں پر 48 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، آصف علی 6 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ محمد حارث 12 اور والٹر 2 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین آفریدی نے 3 اور جہانداد خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ لاہور قلندرز اب تک ٹورنامنٹ میں ایک بھی میچ نہیں جیت سکی، اسے 4 میچز میں مسلسل شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
پشاور زلمی نے اب تک 3 میچز کھیلیں ہیں جس میں اسے 2 میں شکست اور ایک میں کامیابی ملی۔
اس سے قبل اتوار کو کھیلے گئے پہلے میچ میں ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 13 رنز سے شکست دیکر ایونٹ میں چوتھی کامیابی حاصل کرلی۔