مریم نواز نے بطور وزیر اعلیٰ پنجاب سٹارٹ تو اچھا لیا ہے اور اپنے عہدے کا چارج لینے کے بعد فوراً لاہور کے ایک پولیس تھانے کا اچانک معائنہ کیا ہے گو کہ یہ کام بنیادی طور پر ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کا ہوتا ہے کہ وہ اپنے دائرہ اختیار کے اندر پولیس تھانوں کی وقتاً فوقتاً اچانک چیکنگ بھی کیا کرے جو کہ بد قسمتی سے ایک عرصے سے نہیں کی جارہی بہر حال وزیر اعلیٰ کا یہ اقدام پنجاب کے امن عامہ کے نفاذ کے ذمہ دار اداروں کے لئے ایک واضح پیغام ہے کہ وہ صوبے کے امن عامہ کو اچھا رکھنے کے واسطے ہر وقت چوکس رہیں اس میں کوئی شک نہیں کہ پنجاب کے بعض دیہی علاقوں میں ایک عرصے سے ڈاکو راج ہے جس کو ختم کرنے کے لئے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کافی کام کیا اسی طرح انہوں نے صوبے میں زندگی کے مختلف شعبوںمیں ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لئے بھی بڑی کاوش کی اور وہ مریم نواز کے واسطے ایک بہت اچھا بنچ مارک چھوڑ گئے ہیں ۔امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایک لاابالی قسم کے انسان ہیں اگلے روز انہوں نے انگلستان کے بادشاہ کنگ چارلس کے چھوٹے بھائی ہیری اور اس کی امریکہ نژاد بیوی کے خلاف یہ بیان دیا ہے کہ وہ امریکہ میں آئندہ ان کی کوئی قانونی امداد نہیں کریں گے انگلستان کے شاہی خاندان سے تعلق رکھنے والی اس جوڑی کا قیام امریکہ میں ہے ہیری کو اس کی غیر سنجیدہ حرکات کی وجہ سے اس کی دادی ملکہ الزبتھ بالکل پسند نہیں کرتی تھیں‘ ٹرمپ کو انگلستان کے شاہی خاندان کی اس جوڑی سے کافی گلے ہیں‘ انہوں نے کہا ہے کہ ہیری ایک نشئی جوان ہے جس نے یہ اعتراف کیا ہوا ہے کہ وہ ماضی میں ان منشیات کو استعمال کرتا رہا ہے جن کا استعمال امریکی قانون میں جرم ہے اور یہ کہ اس نے یہ بات بھی کہی ہے کہ جب وہ افغانستان میں انگلستان کی افواج کے ساتھ مل کر طالبان کے خلاف جنگ کر رہا تھا تو اس کے ہاتھوں سے کئی طالبان قتل بھی ہوئے تھے‘ ٹرمپ نے ہیری کی امریکن بیوی کے کردار پر بھی انگلی اٹھائی ہے ویسے ٹرمپ نے جو باتیں انگلستان کے شاہی خاندان کے ان دو افراد کے بارے میں کی ہیں وہ کچھ زیادہ غلط بھی نہیں ہیں ۔
پرنس ہیری اپنے بڑے بھائی ولیمز سے بہت مختلف ہے‘ ہیری بھی ٹرمپ ہی کی طرح کا ایک لا ابالی شخص ہے جس کو انگلستان کے عوام بھی اچھی نظر سے نہیں دیکھتے وہ اپنے بڑے بھائی ولیمز سے بہت مختلف ہے اور ان دونوں بھائیوں کے آ پس میں تعلقات بھی کشیدگی کا شکار ہیں‘ ماضی قریب میں انگلستان کے شاہی خاندان کی اگر کسی نے لاج رکھی تھی تو وہ مرحومہ ملکہ الزبتھ تھیں ورنہ ان کی بہن پرنسس مارگریٹ ان کی بیٹی پرنسز این اور کنگ چارلس کو چھوڑ کر ان کے باقی بیٹوں کے کردار قابل رشک نہیں قرار دئیے جا سکتے ۔ محکمہ موسمیات کی تازہ ترین پیش گوئی کے مطابق خیبر پختونخوا میں سردی کی نئی لہر شروع ہے جو دو مارچ بروز ہفتہ تک جاری رہے گی جس میں میدانی علاقوں میں بارش اور پہاڑی علاقے میں برف باری ہو گی ۔ قارئین کو یاد ہوگا پچھلے برس موسیمیاتی تبدیلی کے حوالے سے 2023 کے اوآخر اور 2024 کے ابتدائی مہینوں میں بارشوں کی وجہ سے سردی کے لمبے دورانیہ کی پیشگوئی کی گئی تھی جو درست ثابت ہو چکی ہے غالب امکان یہ ہے کہ امسال رمضان شریف کے پہلے دس پندرہ روزے موسمی لحاظ سے کافی سرد ہوں گے ‘موسیمیاتی تبدیلی نے وطن عزیز کا موسمی کیلنڈر تبدیل کر کے رکھ دیا ہے اور لگ یہ رہا کہ اس سال سردی کا طولانی موسم بہار کو کھا رہا ہے جو ہر سال 14 فروری کو شروع ہو جایا کرتا تھا پر اب یہ نظر آ رہا ہے کہ امسال وہ کہیں جا کر مارچ کے اوائل میں شروع ہو ۔غزل گائیکی میں نام کمانے والے برصغیر کے ممتاز گائیک پنکج اوداس بھی اگلے روز اس جہان فانی سے کوچ کر گئے ان کا شمار غزل گائیکی کے ان عظیم گلوکار وں کی فہرست میں شامل کیا جا سکتا ہے کہ جس میں استاد برکت علی خان جگجیت سنگھ‘ پنکج ملک‘ مہدی حسن ‘اقبال بانو‘ مبارک بیگم ایس بی جان‘ استاد امانت علی اور جگ موھن شامل ہیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔