پی ایس ایل: کوئٹہ کا ملتان کیخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ

ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ( پی ایس ایل) سیزن 9 کے آخری لیگ میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ملتان سلطانز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان رائلی روسو نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دے دی۔

دونوں ٹیمیں پہلے ہی پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کرچکی ہیں۔اس میچ کے بعد ہی طے ہوگا کہ کون سی ٹیم پلے آف میں کس سے مقابلہ کرے گا ۔

پوائنٹس ٹیبل پر ابھی ملتان سلطانز 12 پوانٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جبکہ کوئٹہ کی 11 پوائنٹس کے ساتھ چوتھی پوزیشن ہے ۔

اگر آج کے میچ میں ملتان سلطانز کامیاب ہوتی ہے تو اس کی پہلی پوزیشن ہو جائے گی اور اگر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز جیتی تو وہ پہلی نہیں تو دوسری پوزیشن پر پہنچ جائے گی۔

پوائنٹس ٹیبل پر موجود ٹاپ دو ٹیمیں پلے آف مرحلے میں کوالیفائر میچ کھیلیں گی ، کوالیفائر کا مطلب اُس میچ کو جیتے والی ٹیم فائنل میں پہنچ جائے گی جبکہ ہارنے والی ٹیم کو ایک اور موقع ملے گا۔

جبکہ پوائنٹس ٹیبل کی تیسرے اور چوتھے نمبر کی ٹیمیں پہلا ایلمینٹر میچ کھیلیں گی ، اس میچ کی ہارنے والی ٹیم ایونٹ سے باہر ہو جائے گی  جبکہ جیتنے والی ٹیم کوالیفائر میچ کی لوزر سے دوسرا ایلیمنٹر کھیلے گی  اور دوسرے ایلیمنٹر کی فاتح ٹیم 18 مارچ کو فائنل کھیلنے کی حقدار ہوگی۔