قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابراعظم نے رواں سال ایک ہزار ٹی20 رنز مکمل کرلیے۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ملتان سلطانز کیخلاف پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا،پہلے ہی اوور میں ڈیوڈ ویلی نے صائم ایوب(1) کو یاسر خان کی مدد سے دھرلیا، پیسر نے اپنے دوسرے اوور میں بابر اعظم(8)کو ایل بی ڈبلیو قرار دلانے کیلیے ریویو لیا مگر ناکامی ہوئی۔
محمد حارث گذشتہ میچز کی بانسبت پْراعتماد نظر آئے، بابر اعظم نے بھی تسلسل کے ساتھ عمدہ اسٹروکس کھیلے، پاور پلے میں 51رنز بنے تھے کہ حارث (22)نے محمد علی کی گیند وکٹوں کے پیچھے محمد رضوان کے سپرد کردی۔
ڈیوڈ ویلی نے کفایتی اوور سے دبائو بڑھایا،اسامہ میر نے کیڈمور(24)کو ڈیوڈ ویلی کا کیچ بنوادیا،اسپنر نے اوور میں رنز بھی صرف 3دیے،ڈیوڈ ویلی کو پال والٹر اور رومین پاوول کے چوکوں سے رن ریٹ تھوڑا بہتر ہوا،اس وقت ٹوٹل 17اوورز میں 123اور جارحانہ اسٹروکس کی اشد ضرورت تھی،رومین پاوول (12) نے کرس جورڈن کی گیند محمد علی کو سونپ دی،عباس آفریدی نے عامر جمال(1)کو بولڈ کردیا،لیوک ووڈ نے اسی اوور میں چھکا اور چوکا جڑدیا۔
آخری اوور میں کرس جورڈن نے صرف 3رنز دیے،لیوک ووڈ اور پال والٹر14،14رنز پر ناٹ آئوٹ رہے،پشاور زلمی نے 7وکٹ پر 146رنز بنائے،کرس جورڈن اور اسامہ میر نے 2،2شکار کیے۔