کرکٹ بورڈ کے وسائل میں اضافے کا پلان طلب : ہر سطح پر جامع حکمت عملی ترتیب دی جائے اور پی سی بی کو لیڈنگ ادارہ بنانے کے لیے تمام تر کاوشیں بروئے کار لائے جائیں، محسن نقوی

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے ڈائریکٹرز سے ہونے والی ملاقات میں بورڈ کے وسائل میں اضافے کا پلان طلب کر لیا۔

لاہور میں ڈائریکٹرز کے ساتھ ہونے والے اجلاس میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کو تمام ڈائریکٹرز نے اپنے شعبوں کی کارکردگی اور متعلقہ امور کے بارے بریفنگ دی۔

اجلاس میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے تمام شعبوں کی افادیت پر زور دیا اور بورڈ کے وسائل میں اضافے کا پلان طلب کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ پی سی بی کا ریوینو جنریشن کا قابل عمل پلان تیار کیا جائے، نیشنل کرکٹ اکیڈمی کو بہتر بنانا ہے تاکہ کھلاڑیوں کو زیادہ سہولتیں میسر ہوں۔ 

انہوں نے کہا کہ کرکٹ کے فروغ کے لیے ہر سطح پر جامع حکمت عملی ترتیب دی جائے اور پی سی بی کو لیڈنگ ادارہ بنانے کے لیے تمام تر کاوشیں بروئے کار لائے جائیں۔

چیئرمین پی سی بی نے ڈائریکٹرز مارکیٹنگ، اسٹیٹ اور کمرشل کو ریونیو جنریشن کا پلان مرتب کرنے کا ٹاسک دے دیا جبکہ اجلاس میں پی ایس ایل کو زیادہ دلچسپ بنانے اور خواتین کرکٹرز کے لیے پی ایس ایل شروع کرنے کی تجاویز بھی پیش کی گئیں۔

اجلاس میں ڈائریکٹر ایچ آر نے پی سی بی اسٹرکچر اور ملازمین کے بارے میں رپورٹ پیش کی۔

 محسن نقوی نے بورڈ کے ایشوز کو جلد حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔