اگر آپ کو چاکلیٹ کھانا پسند ہے تو اچھی خبر یہ ہے کہ یہ عادت صحت کے لیے بہت زیادہ مفید ثابت ہوسکتی ہے۔
یہ بات چین میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
Zhengzhou یونیورسٹی کی اس تحقیق میں بتایا گیا کہ چاکلیٹ میں موجود theobromine نامی کیمیکل دماغ اور جسم دونوں کے لیے بہت زیادہ مفید ثابت ہوتا ہے۔
یہ کیمیکل ورم کش ہوتا ہے جبکہ اینٹی آکسائیڈنٹس سے بھرپور ہوتا ہے جس سے دماغ کو الزائمر امراض سے تحفظ ملتا ہے۔
تحقیق کے مطابق یہ کیمیکل یادداشت اور دیگر دماغی حصوں کے لیے مفید ثابت ہوتا ہے۔
محققین نے بتایا کہ مناسب مقدار میں اس کیمیکل سے انسانی جسم کو نقصان نہیں ہوتا اور اسے دماغی امراض سے تحفظ کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
مگر دماغ کے ساتھ ساتھ چاکلیٹ کھانے سے جسمانی چربی کو گھلانے میں بھی مدد ملتی ہے جبکہ جگر اور گردوں کی صحت بھی بہتر ہوتی ہے۔
اس کی وجہ یہ ہے کہ اضافی جسمانی وزن سے جگر اور گردوں کے افعال متاثر ہوتے ہیں اور جسمانی وزن میں کمی سے دونوں کی صحت کو فائدہ ہوتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چاکلیٹ کھانے سے مدافعتی نظام بھی مضبوط ہوتا ہے جس سے مختلف امراض سے لڑنے میں مدد ملتی ہے۔
محققین کے مطابق چاکلیٹ میں موجود کیمیکل ورم کش ہوتا ہے جس سے مدافعتی خلیات کے افعال بہتر ہوتے ہیں۔
اس تحقیق کے نتائج جرنل آف فنکشنل فوڈز میں شائع ہوئے۔