آسٹریلیا نے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے لیے حتمی اسکواڈ کا اعلان کردیا۔
کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق آسٹریلیا نے 15 رکنی ابتدائی اسکواڈ کو برقرار رکھا ہے تاہم ٹریولنگ ریزرو میں دو کھلاڑیوں میتھیو شارٹ اور جیک فریزر مگرک کو شامل کیا گیا ہے۔
مچل مارش میگا ایونٹ کے دوران آسٹریلوی ٹیم کی قیادت کریں گے۔ پیٹ کمنز، ٹریوس ہیڈ، گلین میکسویل، ڈیوڈ وارنر اور ایڈم زمپا بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔
آسٹریلیا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اپنا پہلا میچ 5 جون کو بارباڈوس میں عمان کے خلاف کھیلے گا، گروپ بی میں آسٹریلیا کے ساتھ انگلینڈ، نمیبیا، عمان اور اسکاٹ لینڈ شامل ہیں۔
آسٹریلیا کا اسکواڈ:
مچل مارش، ایشٹن آگر، پیٹ کمنز، ٹم ڈیوڈ، نیتھن ایلس، کیمرون گرین، جوش ہیزل ووڈ، ٹریوس ہیڈ، جوش انگلیس، گلین میکسویل، مچل اسٹارک، مارکس اسٹوئنس، میتھیو ویڈ، ڈیوڈ وارنر اور ایڈم زمپا۔
ٹریولنگ ریزرو:
جیک فریزر، میک گرک اور میٹ شارٹ۔
واضح رہے کہ 25 مئی تک کوئی بھی ٹیم اپنے اسکواڈ میں تبدیلی کرسکتی ہے جس کے بعد کسی بھی تبدیلی کے لیے آئی سی سی کی ایونٹ ٹیکنیکل کمیٹی سے منظوری درکار ہوگی۔
ورلڈ کپ میں کل 20 کوالیفائنگ ٹیموں کو پانچ، پانچ کے چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے جن میں سے ہر گروپ کی دو ٹاپ ٹیمیں سپر ایٹ راؤنڈ میں جگہ بنائیں گی۔
سپر ایٹ راونڈ میں پہنچنے والی ٹیموں کو چار، چار کے دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا جس میں سے دونوں گروپس کی ٹاپ دو ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی اور پھر سیمی فائنل کی فاتح ٹیمیں فائنل کھیلیں گی۔
ایونٹ کے سیمی فائنلز بالترتیب 26 اور 27 جون کو گیانا اور ٹرینیڈاڈ میں کھیلے جائیں گے جب کہ ورلڈ کپ کا فائنل 29 جون کو بارباڈوس میں ہوگا۔