آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 8 مرحلے کے میچ میں ویسٹ انڈیز نے امریکا کو 9 وکٹوں سے شکست دیدی۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے 46 ویں میچ میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
بارباڈوس کے شہر برج ٹاؤن میں کھیلے گئے میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے امریکا کی ٹیم 128 رنز بناکر اننگز کے آخری اوور میں آل آؤٹ ہوگئی۔
پہلی اننگز
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے امریکی بیٹر اینڈریز گوس 16 گیندوں پر 1 چھکے اور 3چوکوں کی مدد سے 29 رنز بنا کر نمایاں رہے، نتیش کمار 20، ملند کمار 19 اور شیڈلی وین شاک وک 18 رنز اسکور کرپائے۔
ویسٹ انڈین بولر روسٹن چیز نے 4 اوور میں 19 رنز دیکر 3 وکٹیں حاصل کی ، آندرے رسل بھی 3.5 اوورز میں 31 رنز دیکر 3 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے جبکہ الزاری جوزف 2 اور گداکیش موتی ایک وکٹ حاصل کر سکے۔
دوسری اننگز
ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے ایک وکٹ کے نقصان پر 10 اوورز اور 5 گیندوں پر امریکا کی جانب سے دیا گیا 129 رنز کا ہدف مکمل کرتے ہوئے فتح اپنے نام کرلی۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے شائی ہوپ 82 اور نکولس پورن 27رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ جانسن چارلس 14 گیندوں پر 15رنز بناکر آؤٹ ہونے والے واحد کھلاڑی تھے۔
واضح رہے کہ سپر 8 مرحلے میں ویسٹ انڈیز اور امریکا کی ٹیمیں اب تک ایک ایک میچ کھیل چکی ہیں اور دونوں ہی ٹیموں کو سپر 8 مرحلے میں اپنے پہلے میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
یہ بھی یاد رہے کہ سپر 8 مرحلے کے گروپ 2 میں شامل جنوبی افریقا کی ٹیم نے اب تک 2 میچ کھیل کر دونوں ہی میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ انگلینڈ کی ٹیم 2 میچ کھیل کر ایک میں کامیابی حاصل کر چکی ہے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 8 مرحلے کے گروپ 1 میں آسٹریلیا، بھارت، بنگلادیش اور افغانستان کی ٹیمیں شامل ہیں۔