چہرے کے کھلے مساموں کو بند کرنے والے فیس ماسک کون سے ہیں؟

اکثر لوگوں کے چہرے پر کھلے مسام ہوتے ہیں جو ان کے چہرے کی خوبصورتی کو ماند کردیتے ہیں۔

عمر کے ساتھ ساتھ چہرے کے مسام کھلنا عام ہے لیکن سورج کی تپش اور آلودگی بھی چہرے کے مسام کھلنے کی وجہ ہوتی ہے جس کیلئے صفائی کا خیال رکھنا ضروری ہے۔

آج ہم آپ کو چند ایسے فیس ماسک بتاتے ہیں جن کے استعمال سے آپ اپنی اس پریشانی سے چھٹکارا حاصل کرسکتے ہیں۔

ملتانی مٹی

ملتانی مٹی کا استعمال صدیوں سے کیا جارہا ہے اور اسے جلد کو خوبصورت بنانے میں ایک اہم جز سمجھا جاتا ہے۔

اگر ملتانی مٹی میں عرق گلاب شامل کرکے اسے چہرے پر لگایا جائے تو یہ مسام کو کم کرنے میں مدد فراہم کرے گی۔

انڈے کی سفیدی اور لیموں کا رس

انڈے کی سفیدی اور لیموں کا رس شامل کرکے اسے اچھی طرح مکس کریں اور پھر اپنے چہرے پر لگائیں، آپ کو فائدہ حاصل ہوگا۔

انڈے کی سفیدی جلد کو لٹکنے سے بچاتی ہے جب کہ لیموں کے رس میں موجود وٹامن سی چہرے کی رنگت کو نکھارنے میں مدد دیتا ہے۔

ٹماٹر

قدرت نے ٹماٹر میں بہت سی افادیت چھپا رکھی ہے، ٹماٹر کا پیسٹ بنا کر اسے چہرے پر 15 سے 20 منٹ کیلئے رہنے دیں اور پھر پانی سے منہ دھو لیں، ٹماٹر بھی آپ کے چہرے کے مسام کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔

لیمو اور شہد

حسب ضرورت شہد میں 2 سے 3 قطرے لیموں کا عرق شامل کرکے چہرے پر 15 سے 20 منٹ کیلئے لگائیں، شہد آپ کی جلد کو موسچرائز کرتا ہے جب کہ لیموں جلد کو لٹکنے سے بچاتا ہے اور رنگ بھی نکھارتا ہے۔