کراچی: دماغ خور جرثومہ نگلیریا کراچی میں دو جانیں نگل گیا۔
محکمہ صحت سندھ کے مطابق دماغ کھانے والے امینا سے متاثرہ ضلع شرقی کا رہائشی 35 سالہ محمد علی میمن نجی اسپتال جبکہ لانڈھی کا رہائشی 22 سالہ اورنگزیب جناح اسپتال میں جان کی بازی ہار گیا۔
محمد علی میمن مسلسل دس روز تک تیز بخار میں تبتا رہا اورنگزیب کو بخار کے ساتھ متلی اور سردرد کی علامات ظاہر ہوئیں تھیں، محمد علی میمن کے اہل خانہ نے خدشہ ظاہر کیا کہ وضو کے دوران نگلیریا محمد علی میمن کی ناک کی نالی میں داخل ہوا جبکہ محکمہ صحت سندھ کی تحقیقات کے مطابق اورنگزیب حالیہ دنوں دوستوں کے ساتھ پکنک پر واٹر پارک گیا تھا۔
محکمہ صحت سندھ نگلیریا کی روک تھام کے لیئے متحرک ہوگیا ہے،محکمہ صحت سندھ نگلیریا کے کیسز کی تحقیق کررہا ہے، کمیونٹی میں آگاہی کے لیئے مختلف سیشنز منعقد کررہے ہیں، نگلیریا سے بچاؤ کے لیئے کمیونٹیز میں کلورین کی گولیاں تقسیم کی جارہی ہیں۔
محکمہ صحت سندھ مشتبہ علاقوں میں کلورینیشن کو یقینی بنارہا ہے،محکمہ صحت سندھ کے مطابق کراچی میں دو جبکہ حیدر آباد میں ایک فرد نگلیریا کے سبب اپنے جان سے ہاتھ دھو بیٹھا ہے۔