بلوچستان میں پولیو کے دو کیسز رپورٹ، رواں برس تعداد 11 ہوگئی

 اسلام آباد: بلوچستان کے ضلع جھل مگسی اور قلعہ عبداللہ میں پولیو کا ایک،ایک کیس کی تصدیق ہوگئی ہے، جس کے بعد رواں سال اب تک پاکستان میں پولیو کیسز کی تعداد 11 ہوگئی ہے۔

انسداد پولیو لیبارٹری کے مطابق جھل مگسی میں 3 سالہ اور قلعہ عبداللہ میں ڈیڑھ سالہ بچہ پولیو سے متاثر ہوا ہے، جھل مگسی کے متاثرہ بچے میں معذوری کی علامات 5 جولائی اور قلعہ عبداللہ میں متاثرہ ہوانے والے بچے میں 10 جون کو علامات ظاہر ہوئی تھیں۔

وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے قومی صحت ڈاکٹر ملک مختار احمد بھرتھ نے کہا کہ پولیو وائرس نے مزید 2 معصوم بچوں کو عمر بھر کے لیے معذور کر دیا ہے، پولیو وائرس کا مسلسل خطرہ پاکستان کے لیے پریشان کن ہے۔

وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے پولیو عائشہ رضا فاروق کا کہنا تھا کہ حالیہ کیسز کے پیش نظر انسداد پولیو پروگرام صورت حال کا جامع جائزہ لے رہا ہے، وائرس کی  صورتحال سے نمٹنے کے لیے مربوط حکمت عملی تشکیل دی جارہی ہے۔