ضلع چکوال سے تعلق رکھنے والے بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوگئی جو کہ رواں سال پنجاب کا پہلا کیس ہے۔
وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے قومی صحت ڈاکٹر ملک مختار احمد بھرتھ نے کہا کہ والدین اپنے بچوں کے لیے ویکسین کی اہمیت کو سمجھیں، والدین اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو ہر مہم کے دوران پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلوائیں۔
دوسری جانب، وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے پولیو عائشہ رضا فاروق نے پنجاب سے کیس رپورٹ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان انسدادِ پولیو پروگرام کیس کی مکمل تحقیقات کا آغاز کر رہا ہے، جس کی بنیاد پر ضلع میں آئندہ پولیو مہم کے حوالے سے حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان میں رواں سال پولیو کا یہ بارہواں کیس ہے۔