پیرس اولمپکس میں پاکستانی جیولین تھرور ارشد ندیم کی تاریخی کامیابی پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سمیت دیگر رہنماؤں نے مبارکباد پیش کردی ہے۔
اپنے مبارکباد کے پیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ ارشد ندیم آپ پوری قوم کا فخر ہیں۔
صدرآصف زرداری کی گولڈ میڈل جیتنے پر ارشد ندیم کو مبارکباد
صدر مملکت آصف علی زرداری کی اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے پر ارشد ندیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ارشد ندیم کی جیت پوری قوم کی جیت ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ شاندار اولمپکس ریکارڈ قائم کرنا، طویل ترین جیولین تھرو بڑا کارنامہ ہے، پیرس اولمپکس میں پاکستان کیلئے تمغہ جیت کر آپ نے ہمارا سر فخر سے بلند کر دیا۔
صدرمملکت کا کہنا تھا کہ ارشد ندیم نے اولمپکس جیسے بڑے مقابلے میں پاکستان کا نام روشن کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی ارشد ندیم کو مبارکباد
اپنے پیغام میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ اولمپک کی 118سالہ تاریخ میں منفرد ریکارڈ قائم کرنے پر ارشد ندیم آپ ڈھیروں مبارکباد کے مستحق ہیں۔
وزیراعظم شہبازشریف کی ارشد ندیم کوجیولین تھرومیں اولمپک میڈل جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ شاباش ارشد ندیم ،آپ نے قوم کا سرفخر سے بلند کردیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھاکہ اولمپک میں تاریخ رقم کرکےآپ نےثابت کیا ہے کہ ارادے مضبوط ہوں تو ناممکن ممکن بن جاتاہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھاکہ قوم کےبیٹےاولمپئین ارشدندیم پر والدین ہی نہیں ہم سب کو ناز ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ کی مبارکباد
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے ارشد ندیم کو اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکبادکے بیان میں کہا کہ ارشد ندیم نے بھرپور محنت اور صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل جیتا ہے۔
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے ارشد ندیم کواولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکبادکے پیغام میں کہا کہ ارشد ندیم نے اپنی کامیابیوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے پاکستان کا نام روشن کیا۔
بلاول بھٹو اور مریم نواز کی مبارکباد
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ارشد ندیم کو پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد کے پیغام میں کہا کہ ارشد ندیم نے اولمپکس کے انفرادی مقابلوں میں پاکستان کیلئے تاریخ میں پہلا طلائی تمغہ حاصل کرکے قوم کا سر فخر سے بلند کردیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی ارشد ندیم کو اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکبادپیش کی ہے۔
اپنے مبارکباد کے پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ ارشد ندیم نے گولڈ میڈل ہی نہیں قوم کے دل بھی جیت لیے ہیں،ارشدندیم نےاولمپکس میں 92.97 میٹرکاریکارڈ قائم کرکےاپنی برتری ثابت کردی۔
وفاقی وزیر داخلہ اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بھی پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے پر پاکستانی جیولین تھرور ارشد ندیم کو مبارکباد پیش کی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے ارشد ندیم کیلئے اپنے مبارکباد کے پیغام میں کہا کہ ارشد ندیم کی تاریخی کامیابی پر پورے ملک کو ان پر فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریکارڈ کے ساتھ اولمپک گولڈ میڈل جیتنا آپ کی سخت محنت لگن اور کمٹمنٹ کا نتیجہ ہے۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے ارشد ندیم کےپیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے پر اپنے مبارکباد کے پیغام میں کہا کہ ارشد ندیم کی محنت اور عزم نے دنیا بھر میں پاکستان کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں
پاکستان کے اب تک کے اولمپکس مقابلوں میں جیتےگئے میڈلز کی تعداد کتنی ہوگئی؟
سندھ حکومت کا ارشد ندیم کیلئے 5 کروڑ روپے انعامی رقم کا اعلان
جیولین تھرور ارشد ندیم نے 40 سال بعد پاکستان کو اولمپکس میں گولڈ میڈل جتوادیا
پیرس اولمپکس میں مینز جیولین تھرو ایونٹ کے فائنل میں پوری قوم کی نظریں ارشد ندیم پر تھیں جو پاکستان کو 32 سال بعد اولمپک میں کوئی میڈل دلانے کی واحد امید تھے۔
خیال رہےکہ پاکستان نے آخری مرتبہ 8 اگست 1992 کو اولمپکس میڈل پوڈیم پر قدم رکھا تھا جب قومی ہاکی ٹیم نے بارسلونا اولمپکس میں نیدرلینڈز کو تین کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے کر کانسی کا تمغہ جیتا تھا جب کہ پاکستان نے آخری مرتبہ 1984 میں اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتا تھا جوکہ ہاکی ٹیم نے دلوایا تھا۔
ارشد ندیم پاکستان کو انفرادی مقابلوں میں گولڈ میڈل دلوانے والے پہلے ایتھلیٹ ہیں۔
آج ہونے والے فائنل مقابلے میں ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹیباگو کےکیشور ن نے پہلی تھرو 86.16 کی کی جب کہ پاکستان کے ارشد ندیم پہلی تھرو نہ کرسکے۔ جرمنی کے جیولین ویبر بھی پہلی تھرو نہ کرسکے۔
فن لینڈ کے لاسی نے 78.81 کی پہلی تھرو کی، بھارت کے نیرج چوپڑا کی پہلی تھرو ضائع ہوگئی۔فن لینڈ کے اولیور ہیلینڈر نے پہلی تھرو 80.92 کی کی۔
جمہوریہ چیک کے جیکب ویلیج نے دوسری تھرو 84.52 کی کردی۔
ان کے بعد پاکستان کے ارشد ندیم نے اپنی دوسری تھرو 92.97 میٹر کی کرکے نیا اولمپک ریکارڈ بنا دیا۔ ارشد ندیم کی یہ اس مقابلے کی اب تک سب سے بہترین تھرو ہے۔
اس سے قبل اولمپک ریکارڈ 90 اعشاریہ 57 میٹر کا تھا جو کہ ناروے کے اینڈریاس تھورکلڈیسن نے 2008 کے بیجنگ اولمپکس میں بنایا تھا۔
جرمنی کے جیولین ویبر نے اپنی دوسری تھرو 87.33 کی کردی۔ بھارت کے نیرج چوپڑا نے اپنی دوسری تھرو 89.45 کی کردی۔
پیرس اولمپکس میں مینز جیولین تھرو فائنل کے دوسرے راؤنڈ میں فن لینڈ کے ایٹیلاٹو نے دوسرے راوؤنڈ کی پہلی تھرو 82.02 میٹر کی۔
ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹیباگو کے کیشور ن نے دوسرے راؤنڈ کی پہلی تھرو 78.96 میٹر کی۔ کینیا کے جیولیس یگو نے دوسرے راؤنڈ کی پہلی تھرو 84.90 میٹر کی۔
گرینیڈا کے اینڈرسن نے دوسرے راؤنڈ کی پہلی تھرو 88.54 میٹر کی۔ بھارت کے نیرج چوپڑا نے دوسرے راؤنڈ کی پہلی تھرو ضائع ہوگئی۔
پاکستان کے ارشد ندیم نے دوسرے راؤنڈ میں پہلی تھرو 79.40 میٹر کی۔بھارت کے نیرج چوپڑا کی دوسرے راؤنڈ کی دوسری تھرو ضائع ہوگئی۔
بھارت کے نیرج چوپڑاکی دوسرے راؤنڈ کی تیسری تھرو بھی ضائع ہوگئی۔پاکستان کے ارشد ندیم نے دوسرے راؤنڈ کی تیسری تھرو 91.79 میٹر کی۔