خدا کا واسطہ ہے مشورہ دینا بند کردو: وسیم اکرم نے سوشل میڈیا صارفین کے آگے ہاتھ جوڑ لیے

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے سوشل میڈیا صارفین کو مشورہ دینے سے منع کردیا۔

وسیم اکرم نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے شو میں شرکت کی جہاں انہوں نے سوشل میڈیا پر منفی تبصرے کرنے والوں کو آڑے ہاتھوں لیا۔

سابق کپتان نے سوشل میڈیا کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ  10،15 سال پہلے جب سوشل میڈیا آیا تو میں نے سمجھا دنیا میں معلومات کا انبار  لگ جائے گا، پیار بکھرے گا، لوگ سیکھیں گے لیکن سب الٹا ہوگیا، لوگ منفی کمنٹس کرتے ہیں اور ایسے لوگوں کی پروفائل چیک کرو تو کوئی پوسٹ نہیں ہوتی وہ صرف منفی باتیں پھیلانے کیلئے آئی ڈی بناتے ہیں۔

وسیم اکرم نے ہاتھ جوڑتے ہوئے کہا کہ خدا کا واسطہ ہے مشورہ دینا بند کردو، ایسے لوگ دنیا کے کامیاب ترین لوگوں کو مشورے دے رہے ہوتے ہیں،ان کے  2 فالوورز ہوتے ہیں اور وہ 200 ملین والوں کو مشورہ دے رہے ہوتے ہیں۔

سابق کرکٹر کا کہنا تھاکہ مثبت سوچیں اور دوسروں کیلئے مثبت کمنٹس کریں تو  آپ لوگوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی اور پورا دن پرسکون گزرے گا، اگر لوگ سمجھتے ہیں میرے سوشل میڈیا پر برے تبصرے کرنے سے مجھے فرق پڑے گا تو یہ لوگ غلط ہیں، پہلے مجھے فرق پڑتا تھا لیکن اب پچھلے 2 سالوں سے میں نے توجہ دینی چھوڑ دی، حتیٰ کہ میں نے کمنٹس پڑھنے بھی چھوڑ دیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کامیابی کا مطلب پیسے نہیں، اپنے آس پاس اچھے اور خوشگوار لوگوں سے مشورہ لیں، نکمے لوگوں سے مشورہ لیں گے تو نکمے ہی بنیں گے۔