گاڑی کا دروازہ لاک ہونے سے بچہ دم گھٹنے سے جاں بحق، دوسرا بے ہوش

کراچی: بلدیہ اتحاد ٹاؤن خبیر چوک کے قریب گیراج میں کھڑی گاڑی سے ایک کمسن بچے کی لاش ملی ہے جبکہ دوسرا کمسن بچہ بیہوشی کی حالت میں ملا ہے۔

پولیس کے مطابق بچے کھیلتے ہوئے گاڑی میں چلے گئے تھے لیکن ان سے گاڑی کے دروازے اورڈگی نہیں کھلی جس کی وجہ سے بظاہر معلوم ہوتا ہے کہ ایک بچہ دم گھٹنے سے جاں بحق ہوگیا جبکہ دوسرا بچہ بے ہوش ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق اتحاد ٹاؤن تھانے کے علاقے بلدیہ اتحاد ٹاؤن خبیر چوک توحید محلے بلاک سی واقع گیراج میں کھڑی کلٹس گاڑی سے ایک کمسن بچے کی لاش ملی ہے جبکہ دوسرا کمسن بچہ بیہوشی کی حالت میں ملا ہے۔

جاں بحق بچے کی شناخت 3 سالہ عثمان ولدعبداللہ اور بیہوش بچے کی شناخت 3 سالہ سمیع اللہ ولد شفیع اللہ کے نام سے کی گئی ، دونوں آپس میں کزن ہیں،

ایس ایچ او اتحاد ٹاؤن ایاز خان نے بتایا کہ بچے منگل کی دوپہر ساڑھے 12 بجے کے قریب گلی میں کھیلتے ہوئے لا پتہ ہو گئے تھے اور شام میں اہلخانہ کی جانب سے لاپتہ ہونے کی رپورٹ تھانے میں درج کروائی گئی تھی

بدھ کی صبح گیراج کا مالک شریف گل اپنی گاڑی دیکھنے آیا تو گاڑی میں اسے2 بچے دکھے جس پراس نے پولیس اور بچوں کے اہلخانہ کو فون کال کرکے اطلاع کردی اورپولیس بھی موقع پر پہنچ گئی،ایس ایچ اونے بتایاکہ جاں بحق ہونے والا بچے کی لاش گاڑی میں اسپیکرکی جگہ ڈگی سے ملی ہے جبکہ بیہوش ہونے والا بچہ گاڑی کی عقبی سیٹ پر موجود تھا،انھوں نے بتایا کہ گاڑی پرانی ہونے کی وجہ سے گاڑی کے دروازے اورڈگی بہت مشکل سے کھلتی ہے۔

بچے کھیلتے ہوئے گاڑی میں چلے تو گئے لیکن ان سے گاڑی کے دروازے اورڈگی نہیں کھلی جس کی وجہ سے بظاہر معلوم ہوتا ہے کہ ایک بچہ دم گھٹنے سے جاں بحق ہوگیا جبکہ دوسرا بچہ بے ہوش ہوگیا۔

واقعہ اتفاقیہ طور پر پیش آیا تاہم پولیس نے جاں بحق ہونے والے بچے کا سول اسپتال میں پوسٹ مارٹم کروالیا گیا ہے اورحتمی وجہ موت کا تعین پوسٹ مارٹم رپورٹ میں سامنے آئے گا۔

انھوں نے بتایا کہ بے ہوش ہونے والا بچہ جناح اسپتال میں زیر علاج ہے اور اس کی حالت بہتربتائی جا رہی ہے۔

سول اسپتال میں بات چیت کرتے ہوئے سخی بادشاہ نامی شخص نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والا بچہ ان کا پوتا اور بیہوش ہونے والا نواسہ ہے، پوتا دم گھٹنے سے جاں بحق ہوا ہے، کسی قسم کی کوئی چوٹیں نہیں لگی ہوئی تھیں۔

انھوں نے بتایا کہ وہ اپنے پوتے اورنواسے کورات12 بجے تک تلاش کرتے رہے لیکن ان کا کوئی سراغ نہیں ملا،انھوں نے بتایاکہ اگرپوسٹ مارٹم رپورٹ میں کوئی منفی بات سامنے آئی تو لازمی قانونی کارروائی کریں گے۔