پنجاب کے شہر صادق آباد میں پولیس نے کچے کے علاقے میں کارروائی کرکے پولیس کانسٹیبل احمد نواز کو بحفاظت بازیاب کرا لیا۔
صادق آباد پولیس کی جانب سے کچے میں کارروائی کرتے ہوئے ڈاکوؤں کے چنگل میں پھنسے کانسٹیبل احمد نواز کو بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا جبکہ کانسٹیبل احمد نواز کی بازیابی پر ورثاء میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
یاد رہے کہ 2 روز قبل کچے کے علاقے ماچھکہ سے ڈاکو کانسٹیبل احمد نواز کو اغواء کر کے ساتھ لے گئے تھے۔
ڈی پی او رحیم یار خان رضوان عمر گوندل کا کہنا ہے کہ کانسٹیبل احمد نواز کی بحفاظت بازیابی اولین ترجیح تھی، پولیس کچے میں مضبوطی کے ساتھ موجود ہے کچے میں پولیس فورس کا مورال بلند ہے، کرمنلز کی سرکوبی مشن ہے جبکہ پولیس کچے کو ڈاکوؤں سے پاک کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
ڈی پی او رحیم یار خان رضوان عمر گوندل کا مزید کہنا ہے کہ پولیس فورس کا اپنے ٹارگٹ پر فوکس ہے، کانسٹیبل احمد نواز کی بحفاظت بازیابی پولیس کی اہم کامیابی ہے۔
واضح رہے 23 اگست کو رحیم یار خان کے کچے کےعلاقے ماچھکہ میں انتہائی افسوسناک سانحہ پیش آیا، جہاں ڈاکوؤں کی جانب سے پولیس کی 2 گاڑیوں پر حملہ کیا گیا جس کے نتیجےمیں 12 اہلکار شہید ہوگئے۔