تربت نیول بیس پر دہشتگردوں کے حملے کا جھوٹا پروپیگینڈا سامنے آگیا

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج اور دیگر سکیورٹی ادارے ملک کی تمام اہم تنصیبات کی حفاظت کیلئے چوکس ہیں اور کسی بھی شر انگیزی کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔

تربت نیول بیس پر دہشتگردوں کے حملے کے حوالے سے جھوٹا پروپیگینڈا سامنے آگیا۔تربت نیول بیس پر حملے کے بارے میں سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبریں بے بنیاد ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک روز قبل بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ہونے والے دہشتگردی کے واقعات کے بعد بھارتی میڈیا نے ایک بار پھر منفی پروپیگینڈے کا آغاز کردیا ہے۔

سوشل میڈیا اور دیگر پلیٹ فارمز پر جعلی اور من گھڑت ویڈیو کو شیئر کرکے پروپیگینڈا کیا جا رہا ہے کہ تربت نیول بیس پر دہشتگردوں نے حملہ کردیا ہے۔

خدکوچہ تھانے کی جو ویڈیوز سوشل میڈیا پر پھیلائی جا رہی ہیں وہ بھی جعلی ہیں دہشت گردوں کے خلاف انٹیلیجینس کی بنیادوں پر بلوچستان میں مؤثر آپریشنز جاری ہیں جن سے دہشت گردوں کا شکار کیا جا رہا ہے۔

ذرائع نے کہا ہے کہ ان بے بنیاد خبروں اور ویڈیوز کا مقصد خوف و ہراس اور انتشار پھیلانا ہے،پاک فوج اور دیگر سکیورٹی ادارے ملک کی تمام اہم تنصیبات کی حفاظت کیلئے چوکس ہیں اور کسی بھی شر انگیزی کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔۔۔