کراچی: زرمبادلہ کے ذخائر بڑھانے کی غرض سے متعلقہ ریگولیٹر کی مبینہ خریداری سرگرمیوں، آئی ایم ایف پروگرام میں تاخیر سے ایکسپورٹرز کی اپنی برآمدی ترسیلات بھنانے کا عمل رکنے جیسے عوامل کے باعث پیر کو انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی دوبارہ پیش قدمی رہی۔
بیرونی معاونت میں سست روی اور واجب الادا قرض پر موخر ادائیگیوں کی سہولت نہ ملنے جیسے عوامل مارکیٹ پر اثرانداز رہے۔ انٹربینک مارکیٹ میں کاروباری دورانیے کے اختتام پر ڈالر کے انٹربینک ریٹ 11پیسے کے اضافے سے 278روپے 64پیسے کی سطح پر بند ہوئے۔
اس کے برعکس اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈیمانڈ سپلائی یکساں ہونے سے ڈالر کی قدر بغیر کسی تبدیلی کے 279روپے 75پیسے کی سطح پر مستحکم رہی۔