پاکستان میں 8 کروڑ سے زائد لوگ نفسیاتی مسائل کا شکار

ذہنی امراض میں تشویش ناک حد تک اضافہ ہونے سے ملک میں 8کروڑ سے زائد لوگ نفسیاتی مسائل کا شکار ہیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیر صدارت جاری اجلاس میں وزارت صحت نے ایوان میں اعداد و شمار پیش کیے۔

ایوان میں وزارت صحت نے بتایا کہ ملک کے تمام بڑے اسپتالوں میں نفسیاتی علاج کی سہولیات موجود ہیں، 126 میڈیکل کالجوں میں ذہنی امراض اور شعبہ نفسیات کام کر رہے ہیں۔

دوسری جانب، ملک میں پانی کی قلت اور خشک سالی سے متعلق سوال کا جواب نہ آنے پر اسپیکر قومی اسمبلی نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیکریٹری آبی وسائل کہاں ہیں اور کیوں نہیں آئے؟

اسپیکر نے سیکرتٹری آبی وسائل کو فوری طلب کرتے ہوئے کہا کہ سیکریٹری آبی وسائل کو فوری طور پر بلائیں، آپ کے پرنسپل اکاؤنٹنگ افسر پارلیمنٹ کو سنجیدہ نہیں لے رہے۔

اسپیکر نے وزیر مصدق ملک سے سوال کیا کہ ایک ماہ سے سوال کا جواب کیوں نہیں آیا؟ ہم قرارداد پاس کریں گے کے آپ کے سیکریٹری پارلیمنٹ کو سنجیدہ نہیں لے رہے۔

وفاقی وزیر آبی وسائل مصدق ملک نے کہا کہ معذرت چاہتا ہوں تاہم اسپیکر قومی اسمبلی نے وفاقی وزیر کی معافی نظر انداز کر دی۔