اسلام آباد سے 16 سال بعد پولیو کیس رپورٹ، رواں سال پاکستان میں تعداد 17 ہوگئی

پاکستان میں اس سال پولیو کا ایک اور کیس رپورٹ ہوا ہے جس کے بعد رواں سال پولیو کیسز کی تعداد 17 ہوگئی۔

قومی ادارہ صحت کے مطابق اسلام آباد کی یونین کونسل 4 سے ایک بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد اسلام آباد سے تقریباً 16 سال بعد پولیو کیس سامنے آیا ہے۔

قومی ادارہ صحت کا بتانا ہے کہ جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی کے جون کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی پائی گئی ہے۔ 

دوسری جانب فوکل پرسن وزیراعظم برائے انسداد پولیو عائشہ رضا فاروق کا کہنا ہے کہ بدقسمتی سے ایک اور پاکستانی بچہ پولیو سے متاثر ہوا، حکومت نے پولیو کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے جامع روڈ میپ بنایا ہے۔ 

ملک میں پولیو کیسز کے حوالے سے کوآرڈینیٹر نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر انوار الحق نے کہا کہ ہم ہر بچے تک پولیو ویکسین پہنچانے کی کوششیں تیز کررہے ہیں۔