حکومت کی جانب سے 650 ارب روپے کی آمدنی کے لیے جنرل سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی) کی شرح بڑھانے پر غور کیا جارہا ہے۔
حکومت آئندہ منی بجٹ میں تقریباً 650 ارب روپے کی آمدنی حاصل کرنے کے لیے غیر فائلرز اور کم فائلرز کے خلاف سختی سے عملدرآمد کے اقدامات کرنے اور جائیدادوں پر ود ہولڈنگ ٹیکس کی شرح اور ٹریکٹروں سمیت دیگر اشیاء پر جی ایس ٹی کی شرح بڑھانے پر غور کرنے جا رہی ہے۔
یہ دیکھنا ابھی باقی ہے کہ کتنی آمدنی عملدرآمد کے اقدامات سے حاصل کی جائے گی اور کتنی اضافی ٹیکسیشن کے اقدامات سے۔
حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ ستمبر 2024 کے آخر تک 42 شہروں میں جائیداد کی قیمتوں کے جدول کو بڑھانے پر بھی اتفاق کیا ہے تاکہ ایف بی آر آنے والے ہفتوں میں نئی شرحیں نوٹیفائی کر سکے۔
ایف بی آر نے جی ایس ٹی کی معیاری شرح کو 18 فیصد سے بڑھا کر 19 فیصد کرنے کی تجویز کو مسترد کر دیا ہے تاہم کم شرح والی اشیاء پر جی ایس ٹی بڑھائی جا سکتی ہے جس میں ٹریکٹرز بھی شامل ہیں۔
ودہولڈنگ ٹیکسز کے حوالے سے، جائیدادوں کی خرید و فروخت پر شرح بڑھانے پر غور کیا جارہا ہے۔