ٹیکس چوری میں ملوث عناصر کو قانون کی گرفت میں لانے میں مصروف عمل فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے انوکھا کارنامہ انجام دیتے ہوئے ہری پور میں عمرایوب کے والد مرحوم گوہر ایوب خان کو ٹیکس نوٹس بھیج دیا۔
ایف بی آر ان دنوں ٹیکس چوری میں ملوث عناصر کے خلاف سرگرم عمل ہے اور اس سلسلے میں ملک بھر میں ٹیکس نادہندگان کو نوٹس بھیجنے کا سلسلہ جاری ہے۔
تاہم اس مہم کے دوران ایف بی آر نے بڑی غلطی کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور تحریک انصاف کے رہنما عمر ایوب کے والد مرحوم گوہر ایوب کو بھی ٹیکس نوٹس بھیج دیا جس کا عمر ایوب نے نوٹس سوشل میڈیا ویب سائٹ پر شیئر کیا۔
عمر ایوب نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر نوٹس شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ میرے والد گزشتہ سال انتقال کر گئے تھے لیکن ایف بی آر نے انہیں آج نوٹس بھیجا ہے۔
انہوں نے چیئرمین ایف بی آر اور افسران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کم از کم جو لوگ دنیا سے چلے گئے انہیں تو سکون سے رہنے دیں، کوئی شرم، کوئی حیا۔