خیبرپختونخوا حکومت نے انرجی سیکٹر میں سرمایہ کاری کے لیے ملک کے بڑے شہروں میں روڈ شوز منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
روڈ شوز کے انعقاد کے لیے مشیر خزانہ خیبرپختونخوا کی منظوری سے سیکریٹری خزانہ نے ٹیکنیکل کمیٹی کا اعلامیہ جاری کر دیا۔
اعلامیے میں مشیر خزانہ کے پی حکومت نے بتایا ہے کہ روڈ شوز کراچی، لاہور، اسلام آباد اور پشاور میں منعقد کیے جائیں گے، ٹیکنکل کمیٹی حکومت سے منظوری، ڈیٹا فراہمی اور حتمی منصوبوں کی تشکیل اور ممکنہ توانائی منصوبوں کے انتخاب کے لیے کام کرے گی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ٹیکنیکل کمیٹی روڈ شو کے دوران سرمایہ کاروں کو بریفنگ، سوالات کے جوابات اور سرمایہ کاری کے پلان کو حتمی شکل دے گی، کمیٹی خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری، سستی توانائی اور روشن مستقبل پر مبنی رپورٹ تیار کرے گی، ٹیکنکل کمیٹی میں فنانس، توانائی پیڈو، انڈسٹریز، ٹرانسمیشن کے حکام شامل ہیں۔