پشاور: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ وفاقی اور پنجاب حکومت نے بانی پی ٹی آئی کے ساتھ بد ترین رویہ اختیار کیا ہوا ہے اور انہیں جیل میں سہولتیں نہیں دی جا رہیں۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ کبھی بانی پی ٹی آئی کی بجلی بند کردی جاتی ہے تو کبھی کھانا نہیں دیا جاتا، وفاقی اور پنجاب حکومت کو وارننگ دیتا ہوں کہ بانی پی ٹی آئی کی کوئی شکایت آئی تو پورے ملک کو بند کر دیں گے۔
انہوں نے کہا حکومت ہمیں مجبور کر رہی ہے کہ ہم پر امن نہ رہیں۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ ہاؤس میں جلسے سے متعلق اجلاس کی اندرونی کہانی بھی سامنے آگئی جس میں وزیراعلیٰ نے پشاور جلسے کے لیے شہر کے ہرحلقے سے ایک ہزار کارکنان لانےکی ہدایت کی جب کہ دیگر اضلاع سے ہر ایم پی اے کو 500 سے زیادہ کارکنان لانے کے ہدایت کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ممبران نے مردان میں جلسہ کرنے کی تجویز دی تو علی امین گنڈا پور نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پرجلسہ پشاورمیں کررہے ہیں اورکوئی روکاوٹ نہیں ہوگی۔