وہ عادتیں جو دل کے دورے کے خطرے کو کم کرتی ہیں

پہلے وقتوں میں دل کا دورہ پڑنے کا خطرہ بہت کم ہوا کرتا تھا لیکن غیر صحت بخش طرز زندگی کی وجہ سے اب کم عمر لوگوں میں بھی دل کے دورے کا خطرہ بڑھتا جارہا ہے۔

صحت کا تعلق طرز زندگی سے جڑا ہوتا ہے، غیر صحت مند کھانے مثلاً  چکنائی اور مرچ مصالحے والے کھانے دل سمیت بہت سی بیماریوں میں مبتلا کر دیتے ہیں مگر آپ چند آسان عادتوں کو اپنا کر دل کے دورے کے خطرے کو کم کرسکتے ہیں۔

مراقبہ
مراقبہ کو انگریزی زبان میں میڈیٹیشن کہا جاتا ہے، مراقبہ ذہنی اور جسمانی تناؤ کو دور کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے کیونکہ تناؤ ہی دل کے دورے کے خطرے کو بڑھاتا ہے۔

سونے سے قبل چند منٹ کیلئے مراقبہ کو اپنی عادتوں میں شامل کرکے دل کے دورے کے خطرے کو کم کیا جاسکتا ہے۔

 پانی کا زیادہ استعمال

جسم کا 70 فیصد حصہ پانی پر انحصار کرتا ہے، زیادہ پانی پینے سے نہ صرف جلد اچھی ہوتی ہے بلکہ یہ گردوں، آنکھوں اور دماغ کیلئے ضروری ہوتا ہے۔

اس کے علاوہ پانی کا زیادہ استعمال دل کے خطرے کو بھی کم کرسکتا ہے کیونکہ یہ دل کو بہتر طور پر خون پمپ کرنے میں مدد دیتا ہے۔

وقت پر کھانا کھائیں

صبح کا ناشتہ ہویا پھر دوپہر اور رات کا کھانا، آج کل دیر سے کھانا کھانے کی عادت لوگوں میں پائی جاتی ہے جس کے سبب نظام ہاضمہ خراب ہونے کے ساتھ ساتھ جسم میں کولیسٹرول کی سطح بھی بڑھ جاتی ہے جو دل کیلئے خطر ناک ہے۔

اگر آپ دل کے دورے سے بچنا چاہتے ہیں تو خاص طور پر رات کا کھانا جلدی کھانے کی عادت بنائیں۔

ورزش

ماہرین ورزش کو زندگی کا اہم جز قرار دیتے ہیں جس کا آپ کی صحت سے گہرا تعلق ہے لہٰذا صبح یا پھر رات کو کھانا کھانے کے بعد اپنی صحت کو مد نظر رکھتے ہوئے روزانہ ورزش کو معمول کا حصہ بنانا چاہیے۔

ورزش ذیابیطس کو کنٹرول کرنے، بڑھتے وزن کو روکنے، جسمانی اور ذہنی تناؤ کو دورے کرکے دل کو بھی صحت مند بناتی ہے۔

اس کے علاوہ رات کو جلدی سونے کی عادت سے بھی دل سمیت بہت سی بیماریوں سے بچا سکتا ہے۔