جلسے جلسوسوں سے قیدی رہا نہیں ہوتے، گورنر خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومت پر تنقید

DI KHAN:

خیبرپختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کا فوکس صرف جلسے اور جلوسوں پر ہے، جلسے اور جلوسوں سے قیدی رہا نہیں ہوتے۔

ڈیرہ اسماعیل خان کے پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ کے پی کا گھمبیر مسئلہ لا اینڈ آڈر ہے اور صوبائی حکومت امن وامان کے حوالے سے مکمل ناکام ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا فوکس صرف جلسے جلوسوں پر ہے اور ان کا خیال ہے کہ ایسے عمل سے انکا بانی رہنما رہا ہو جائے گا، جلسے جلوسوں سے کوئی قیدی رہا نہیں ہوتے۔

انہوں نے کہا کہ کے پی کی عوام اور ان کے وسائل احتجاج و جلسوں میں استعمال ہورہے ہیں، صوبائی حکومت کے ماتحت اداروں میں تنخواہیں نہیں دی جارہیں، کے پی میں روز فوجی جوانوں کے جنازے اٹھا رہے ہیں اور یہ کہتے ہیں کہ فوج صوبے سے نکل جائے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پولیس پر مکمل اعتماد ہے لیکن جو سہولت فوج کے پاس ہے وہ پولیس کے پاس نہیں، دلیل اور دلائل سے وفاق سے پیسے لیں، بدمعاشی سے صوبے کو کچھ نہیں ملنے والا۔

گورنر خیبرپختونخوا نے اعلان کیا کہ ڈی آئی خان میں جلد بلاول بھٹو لفٹ کینال کا افتتاح کریں گے جس سے سبز انقلاب آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ کوشش ہے دہشت گردی کا مقابلہ منصوبہ بندی کے ساتھ کریں۔

فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ وزیراعلی سے غیر رسمی ملاقات ہوئی تھی، انتظامیہ لا اینڈ کا نفاذ میں مکمل ناکام ہو چکی ہے، پاراچنار میں ایک ماہ سے روڈ بند ہیں  اور حکومت مسئلے کے حل کیلیے کوئی اقدامات نہیں کررہی۔