وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں پی ٹی آئی کے 24 نومبر کو احتجاج کے لیے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کی صدارت میں ہونے والے منعقدہ اجلاس میں الجہاد الجہاد کے نعرے لگائے گئے۔
اتوار کو وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں ہونے والے اجلاس میں پارلیمنٹرینز اور پارٹی عہدے داروں نے شرکت کی۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور و دیگر قیادت کی موجودگی میں ہمارا راستہ الجہاد الجہاد کے نعرے لگائے گئے۔
وزیر اعلیٰ نے عہدیداروں و کارکنان سے خطاب میں کہا کہ ہم واپس نہیں آئیں گے چاہے ہمارے ساتھ جو بھی ہو جائے ۔
اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ نے بانی چیئرمین عمران خان سے متعلق نعرے لگائے۔
اس کے علاوہ اجلاس میں 24 نومبر کے احتجاج کے انتظامات اور حکمت عملی طے کی گئی۔ اجلاس میں کارکنان کو ہر صورت اسلام آباد پہنچنے کے لیے روٹس کے حوالے سے بتایا گیا۔
اجلاس سے خطاب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے ہر صورت اسلام آباد پہنچیں گے۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے 24 نومبر کو احتجاج کی فائنل کال دے رکھی ہے، اس کے علاوہ احتجاج کی تیاریوں کے حوالے سے عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی بھی پشاور میں متحرک ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں ہونے والے جنوبی اور پشاور ریجن اجلاسوں سے خطاب بھی کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بشریٰ بی بی کا کہنا تھاکہ اس احتجاج کو کامیاب بنانے کیلئے تمام توانائی استعمال کی جائے گی، رکن صوبائی اسمبلی پانچ ہزار جبکہ رکن قومی اسمبلی 10 ہزار کارکنان جمع کرے گا۔